
کراچی کے علاقے قائد آباد میں نیشنل ہائی وے پر ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 7 جنوری کو نیشنل ہائی وے پر مین قائد آباد پل نزد مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب ٹریفک جام کے دوران مسلح ملزمان نے گاڑیوں میں سوار شہریوں سے لوٹ مار کی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
اس واردات کا مقدمہ الزام نمبر 25/2023 بجرم دفعہ 392/397/34 ت پ تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن مین درج کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن مظہر اعوان کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کا ٹیکنیکل طور پر سراغ لگایا گیا جس کے بعد کارروائی کر کے ملزمان کو ملیر ندی پل قائد آباد یار محمد گوٹھ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے لوٹے ہوئے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی جنہیں مدعیٔ مقدمہ نے بھی شناخت کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں۔
گرفتار ملزم ساحل عمر ولد عمر کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے۔
گرفتار ملزم ساحل عمر پہلے بھی ڈکیتی کے مقدمات میں تھانہ ملیر اور تھانہ ابراہیم حیدری میں گرفتار ہو چکا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 مقدمات نمبر 35/2023 بجرم دفعہ SAA 23(i)A اور 36/2023 بجرم دفعہ SAA 23(i)A قائم کیے گئے ہیں۔
Comments are closed.