جمعرات 27؍صفر المظفر 1445ھ14؍ستمبر 2023ء

کراچی نے متحدہ کو سیاسی طور پر عاق کر دیا ہے، وقار مہدی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا ہے کہ کراچی نے متحدہ کو سیاسی طور پر عاق کردیا ہے۔

 وقار مہدی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، جے یو آئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پہلے ہی اتحادی ہیں، برساتی مینڈکوں کے اتحاد سے سندھ کے عوام لاتعلق ہیں۔

وقار مہدی نے  کہا کہ سندھ میں صحت کے مراکز سڑکوں کے جال، یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں پیپلز پارٹی کے کارنامے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ بالخصوص کراچی سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ایم کیو ایم کو کراچی سے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ ختم ہونے کا غم ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ رہی لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھریں، لاڑکانہ میں جے یو آئی کے رہنما تو اپنے گھر کی یو سی کا الیکشن ہار گئے سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کا کیا مقابلہ کریں گے۔

وقار مہدی نے یہ بھی کہا کہ مخالفین عام انتخابات میں اپنی ضمانت بچانے کی فکر کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.