کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر ریحان خان چشتی سے ڈی ایس پی ٹریفک کورنگی کازوے نے بدتمیزی کرتے ہوئے موبائل فون چھین لیا۔
کورنگی کاز وے پر ٹرکوں کی چیکنگ کے دوران ٹریفک کے ڈی ایس پی آپے سے باہر ہو گئے۔
ڈی ایس پی ٹریفک خود نفری کے ساتھ کورنگی کاز وے پر ٹرکوں کے چالان میں مصروف تھے، اس موقع پر نہ ٹریفک ایس او موجود تھے اور نہ ہی ٹریفک پولیس اہلکار ان کے ساتھ تھے۔
صحافی کی جانب سے ویڈیو بنانے پر ڈی ایس پی ٹریفک آپے سے باہر ہوگئے، انہوں نے صحافی کی جانب سے سلام کے جواب میں اس کا موبائل فون چھین لیا۔
ڈی ایس پی نے صحافی سے استفسار کیا کہ میری اجازت کے بغیر ویڈیو کیوں بنائی؟ کیا ہم یہاں چوری کر رہے ہیں؟
رپورٹر نے جواب دیا کہ ہم نے کب کہا کہ آپ یہاں چوری کر رہے ہیں، ہم پولیس کے اچھے کاموں کو عوام کے سامنے لا رہے ہیں، رائٹ آف انفارمیشن قانون کے تحت ہمیں آپ کی اجازت کی ضرورت نہیں، آپ اپنی ذمے داری نبھائیں، ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔
اس موقع پر پولیس افسر نے صحافی کو جھڑک دیا اور دھکے بھی دیے جبکہ صحافی کی جانب سے اپنے فرائض کی ادائیگی پر اصرار جاری رہا۔
صحافی نے ڈی ایس پی سے درخواست کی کہ میرا موبائل فون واپس کریں۔
اس دوران موبائل فون چھینے جانے کے باوجود تمام واقعہ اس میں ریکارڈ ہو گیا۔
واقعے پر صحافی برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام تک درست خبروں کو پہنچانا صحافی کا فرض ہے، اعلیٰ افسران اس واقعے کا نوٹس لیں۔
Comments are closed.