چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز اور موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کراچی میں 20 سے23 جولائی کے دوران بارش کی نوید سنا دی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں آج شام سے مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتی ہیں، جن کے تحت کراچی میں 20 سے 23 جولائی کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جولائی کےدوران ہی سندھ کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ مون سون کے دوسرے اسپیل میں کراچی کے بیشتر مقامات پر ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ اس دوران کراچی میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 24 یا 25 جولائی سے ایک بار پھر مون سون کے سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جس کے باعث درجۂ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں 20 سے 23 جولائی کے دوران ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں 21 سے 23 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ 25 سے 30 جولائی کے دوران سسٹم کے دوسرے فیز کے زیرِ اثر سندھ میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ دوسرے فیز میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان رہے گا، جبکہ آئندہ 10 سے 15 دنوں کے دوران پاکستان میں مختلف موسمی سسٹمز اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسمی سسٹمز کے زیرِ اثر سندھ میں بھی بارشوں کا امکان رہے گا۔
Comments are closed.