سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ایم این ایز کی استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
درخواستیں دائر کرنے والوں میں علی زیدی، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، عطاء اللّٰہ ایڈووکیٹ، سید الرحمٰن محسود، آفتاب صدیقی، اسلم خان، نجیب ہارون اور عالمگیر خان شامل ہیں۔
عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، اسپیکر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل شہاب امام ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا، استعفیٰ دینے والے ارکان سے ان کے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔
سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں کیا ہوا ہے یہ بتائیں۔
وکیل شہاب امام نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی ہے، لاہور ہائی کورٹ بھی ایسی ہی درخواست پر حکم امتناع جاری کر چکی ہے، اسپیکر کے پاس استعفی منظور کرنے کا اختیار نہیں تھا۔
Comments are closed.