کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیاں ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوگیا، ختمی مرتبت آنحضور صلی اللہ و علیہ والیہ وسلم کے چہیتے نواسے سید الشہداء حضرت امام حسین کی شہادت کا دن یوم عاشور کراچی میں بھی بھرپور انداز سے منایا گیا۔
شہر کا قدیمی مرکزی جلوس نشتر پارک میں مجلس کے بعد برآمد ہوا اور قدرے تیزی کے ساتھ آگے بڑھتا رہا۔
شرکاء جلوس نے تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس کے دوران تھلیسیمیا اور دیگر بیمار افراد کے لیے خون کے عطیات دینے کا سلسلہ جاری رہا، خواتین کے لیے مخصوص سبیل کے علاوہ عزاداروں کے لیے درجنوں سبیلیوں اور بڑے پیمانے پر سیکڑوں دیگوں کے ساتھ لنگر و نیاز کا اہتممام کیا گیا تھا۔
رینجرز کی جانب سے بھی کئی سبیلیں لگائی گئیں، ملک کے سب سے بڑے شہر کے مرکزی جلوس میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت تھے، جلوس کی فضائی نگرانی کی گئی جبکہ بلند عمارتوں سے بھی نگرانی کی جاتی رہی۔
ڈی جی رینجرز، وفاقی وزیر علی زیدی، مصطفیٰ کمال و انیس قائم خانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات جلو س میں شریک ہوئیں۔
تقریباً 10 گھنٹے تک رواں دواں رہنے والے مرکزی جلوس میں شعراء کے کلام اور نوحوں کی صورت میں امام عالی مقام، اہلیبیت اطہار اور ان کے انصار کی مدح سرائی کی جاتی رہی۔
Comments are closed.