محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہلکی بارش کا آغاز ہو گیا۔
پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے جبکہ کراچی کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی بارش شروع ہو گئی۔
محکمۂ موسمیات نے آج 26 دسمبر اور کل 27 دسمبر کو شہرِ قائد میں بارش کی پہلے ہی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے سے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں برف باری اور بارش لانے والا یہی سسٹم کراچی میں بھی اثر انداز ہو گا اور بارش کا سبب بنے گا۔
محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی درست ثابت ہونے لگی اور شہرِ قائد کراچی صبح سے ہی بادلوں کے نرغے میں ہے، ابر کی وجہ سے شہر کا موسم خوش گواراور کچھ خنک بھی ہے۔
شہر میں ناگن چورنگی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کی اطلاع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس بارش سے شہر میں سردی میں اضافہ ہونے کا امکان بھی ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش کا دورانیہ منگل تک ہے، تاہم اچھی بارش متوقع نہیں ہے، تیز بارش نہ ہونے کی وجہ سے اسموگ پر اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ موسمِ سرما کی دسمبر سے مارچ کے دوران بارشیں کم دکھائی دے رہی ہیں۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کم بارشوں سے ایک دو دن اسموگ کم ہو سکتی ہے، تاہم جب تک تیز بارشیں نہیں ہو گی اسموگ کم نہیں ہو گی۔
Comments are closed.