ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دو ہفتوں میں شہر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت حالات اور کورونا کیسز کے ڈیٹا کا جائزہ لے رہی ہے، شہری اگر چاہتے ہیں کہ سخت فیصلے نہ ہوں تو حکومت کا ساتھ دیں اور مدد کریں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایک بار پھر کہا کہ شہری ویکسینیشن کرائیں، اور ایس او پیز پر عمل کریں۔
انہوں نے کہاکہ اگر اسپتالوں پر کورونا مریضوں کادباؤ نہ رہا تو صورتحال ایسی ہی نارمل رہ سکتی ہے، تاہم حکومت زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 649 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 3 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 330 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 66 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 972 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 5 ہزار 707 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 17 ہزار 748 زیرِ علاج مریضوں میں سے 617 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 58 ہزار 987 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 2 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 38 لاکھ47 ہزار 572 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
Comments are closed.