مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث کراچی میں کل معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی سے جاری ایک بیان میں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل جنوب مغرب سے ہوائیں 32 سے 36 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
سردار سرفراز نے کہا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک سے 24 فروری تک رخصت ہو جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ رخصت ہونے کے بعد 24 یا 25 فروری سے رات میں موسم تھوڑا سرد ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے علاقوں میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے، اور کہا کہ تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث فصلوں کو نقصان ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے، ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آج رات سے بارشیں شروع ہوں گی۔
بارش اور برف باری کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، صوبائی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.