کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل کو کتوں کے کاٹنے کے واقعہ کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔
اس مقصد کے لیے جاری فارم کی قیمت 250 سو روپے رکھی گئی ہے اور ایک کتے کی رجسٹریشن کی فیس 2000 روپے ہوگی۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن حکام کے مطابق یہ اقدام زیر دفعہ 119 اورکنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے تحت کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری کیے گئے فارم میں کتے کے مالک کا نام، شناختی کارڈ نمبر، اپنے ساتھ کتے کو رکھنے کا پتہ، موبائل نمبر، ای میل آئی ڈی، کتے کا رنگ، نسل، جنس اور اسے رکھنے کا مقصد ظاہر کرنا ہوگا۔ کتے کی ویکسی نیشن کرانے کی تاریخ بھی فارم میں درج کرنا ہوگی۔
یہی نہیں بلکہ کتے کے مالک کے دستخط کے ساتھ ویکسی نیشن کارڈ، کتے کی تصویر، کتے کے مالک کے شناختی کارڈ کی کاپی، ڈاکٹر کی جانب سے جاری کی گئی ویکسی نیشن کی رپورٹ اور فیس کی ادائیگی کے چالان کی فوٹو کاپی بھی فارم کے ساتھ جمع کرانا ہوگی۔
ان تمام دستاویزات کی فراہمی کے بعد دفتر کے استعمال کے خانے میں کتا رکھنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق کتے کی رجسٹریشن کے لیے فارم کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر سے وصول کیے جا سکتے ہیں۔
Comments are closed.