کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے رات بھر تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے متعدد سڑکیں اور علاقے ڈوب گئے۔
ڈیفنس، کلفٹن، ملیر، ایئرپورٹ، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور گلستان جوہر میں رات بھر بارش ہوتی رہی جس سے ان علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور پی ای سی ایچ ایس میں بھی بارش ہوتی رہی۔
نیپا پل، قیوم آباد چورنگی، آرٹس کونسل چورنگی، سپریم کورٹ رجسٹری، زینب مارکیٹ اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی کئی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے۔
پیپلز چورنگی، نیو ایم اے جناح روڈ اور داود انجینئرنگ کے سامنے بھی پانی جمع ہوگیا۔
بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کلفٹن سب میرین انڈر پاس اور کے پی ٹی انڈر پاس بھی بند کردیئے گئے جبکہ لیاقت آباد سی ون ایریا میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
شدید بارش کے بعد ملیر ندی یار محمد گوٹھ میں پانی کا ریلا داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ ملیر ندی لنک روڈ کو بھی پانی آنے کے باعث بند کردیا گيا ہے۔
تھدو ندی میں بھی سیلابی پانی آنے سے طغیانی کے باعث گڈاپ سٹی کے دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگيا۔
Comments are closed.