کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قتل ہوگیا، ملزمان نے 16 سال کے دین محمد سے پہلے موبائل فون اور نقدی چھینی پھر کارخانے میں رکھا سامان لے جانے لگے، دین محمد نے روکنا چاہا تو اُسے فائرنگ کرکے مار دیا اور فرار ہوگئے۔
16 سال کے دین محمد کے قتل کا اندوہناک واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔
دین محمد شیر شاہ اردو بازار میں واقع کارخانے میں کام کر رہا تھا کہ دو مسلح ڈاکو اندر آ گھسے، ڈاکوؤں کے مطالبے پر اُس نے اپنا موبائل فون اور نقدی اُن کے حوالے کردیے لیکن جب وہ کارخانے میں رکھا سامان اُٹھانے لگے تو اُس نے منت سماجت کی کہ ایسا نہ کرو ورنہ کارخانے کا مالک اُسی پر شک کرے گا۔
ڈاکو نہ مانے تو دین محمد کی مزاحمت پر اُس کے پیٹ میں گولی مار دی۔ اُسے شدید زخمی حالت میں سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ 24 گھنٹے بعد دم توڑ گیا۔
نوجوان بیٹے کی ناگہانی موت پر والد غم سے نڈھال ہیں، شہر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہیں کوئی امید نہیں کہ سفاک قاتل قانون کی گرفت میں آجائیں گے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو پیدل آئے اور واردات کے بعد پیدل ہی فرار بھی ہوئے۔
جیونیوز نے شیرشاہ پولیس اسٹیشن جاکر پولیس کاموقف لینے کی کوشش کی تاہم پولیس نے کیمرے کے سامنے موقف دینے سے معذرت کرلی۔
Comments are closed.