کراچی میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد کے خلاف کتے کو ہلاک کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن 429 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
کتے ’جوجی‘ کی ہلاکت کیس میں فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او نے ایف آئی آر کی کاپی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں پیش کردی۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں پولیس اہلکار علی، حسن، مصطفیٰ، وحید، علی کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ ریاض حسین کا کہنا ہے کہ علی حسن اور مصطفیٰ سے کتے کے معاملے پر میری تلخ کلامی ہوئی تھی، ملزمان نے مجھے دھمکی دی تھی کہ تمہارا کتا چند دن کا مہمان ہے۔
ریاض حسین کا کہنا ہے کہ 10 فروری کو ملزمان نے میرا کتا چوری کیا اور 12 فروری کو وہ ہل پارک کی کچرا کنڈی میں مرا ہوا ملا۔
ریاض حسین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بے دردی سے کتے کو ہلاک کیا، اس کا سینہ جلا ہوا تھا۔
اس حوالے سے مدعی کے وکیل کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو 5 سال قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.