
محکمۂ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جولائی کی ابتداء میں مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں اثر انداز ہو رہی ہیں، جن کے باعث کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 23 جون تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، اس دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ان سسٹمز کے باعث بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں، تاہم جولائی کی ابتداء میں شہرِ قائد میں مون سون کی بارشیں ہو سکتی ہیں۔
موجودہ سسٹم کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور دیگر علاقوں میں آج سے 21 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
20 جون تک ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بھکر، لیہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
سوات، چترال، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد میں 22 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
21 جون کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ افغانستان سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، 21 سے 22 جون تک خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے تحت ہونے والی بارشوں سے خیبر پختون خوا کے ندی نالوں میں طغیانی رہے گی، جبکہ پشاور میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
سندھ میں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں 21 جون سے 22 جون تک گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث گلگت، کشمیر اور بالائی خیبر پختون خوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش جھنگ میں 81 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں 46، اسلام آباد میں 41، گوجرانوالہ میں 25، جہلم میں 23، گجرات اور مری میں 19، لاہور میں 17، قصور میں 15، سیالکوٹ میں 14، منڈی بہاؤالدین میں 13 اور فیصل آباد میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں بھی بارش کا سلسلہ کہیں کہیں جاری رہا، جہاں بنوں میں 40، مالم جبہ میں 13، بالا کوٹ میں 10، دیر میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی میں گزشتہ روز 22، راولا کوٹ میں 11 اور مظفر آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
Comments are closed.