منگل یکم ذی الحج 1444ھ 20؍جون2023ء

کراچی میں قربانی کے جانوروں کی لوٹ مار جاری

کراچی میں قربانی کے جانوروں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں سے کہیں اسلحے کے زور پر اور کہیں چوری کر کے 12 بیل اور گائے ہتھیا لیے گئے۔

اورنگی میں ملزمان دکان کے تالے توڑ کر 8 لاکھ روپے مالیت کے قربانی کے 5 جانور چوری کرکے فرار ہوگئے۔

درخواست گزار محمد کامران نے تھانہ اورنگی میں درخواست جمع کروائی جس میں بتایا ہے کہ دکان کے اندر 8 جانور بندھے ہوئے تھے اور باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔

ایک اور واقعے میں شارع فیصل پولیس نے دو روز قبل چوری ہونے والی گائے لیاقت آباد سے برآمد کر لی۔

نامعلوم ملزمان گلستان جوہر سے گائے چوری کر کے کار میں ڈال کر فرار ہوئے تھے، جبکہ واقعہ میں ملوث ملزم شہاب مسرور فرار ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرکے مویشی منڈی کے قریب ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.