ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ان کی وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات ہوئی ہے، کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے نقصانات پر دکھ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یقین ہے کہ سندھ حکومت وزیرِ اعلیٰ سندھ کی قابل قیادت میں زندگی کو معمول پر لائے گی۔
وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر دکھ ہے، کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ اور مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسلادھار بارشوں سے عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ نقصانات سے حتی الامکان بچاؤ کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے، متاثرہ عوام کو عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Comments are closed.