بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں رات بھر بارش، سڑکوں پر پانی جمع

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کے بعد شہر بھر کے مختلف علاقوں میں شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، کے ایم سی کا عملہ پمپنگ مشینوں کی مدد سے پانی کی نکاسی بھی کر رہا ہے۔

برساتی پانی سے شہر کی گلیاں، محلے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے، پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔

شہر بھر میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، شاہراہِ فیصل، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

بارش کے باعث شہر میں مختلف مقامات پر سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہے، لیاقت آباد سپر مارکیٹ، شاہراہِ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب، گلستانِ جوہر موڑ کے قریب سڑک پر، نیپا پل اور سفاری پارک کے قریب بھی برساتی پانی جمع ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 سالہ بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

کراچی کے علاقے غریب آباد میں واقع انڈر پاس کے قریب سڑک پر بارش کا پانی جمع ہے، لیاقت آباد سے غریب آباد جانے والی سڑک پر 1 فٹ سے زیادہ پانی جمع ہو گیا۔

کورنگی روڈ پر قیوم آباد چورنگی کے اطراف بھی برساتی پانی جمع ہو گیا ہے۔

برساتی پانی کی وجہ سے ایکسپریس وے سے کورنگی اور ڈیفنس آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

بلوچ کالونی ایکسپریس وے اور شاہ فیصل کالونی میں بھی سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہے۔

چند مقامات پر پمپنگ مشینیں بھی کھڑی ہیں جن کی مدد سے پانی نکالنے کا کام کیا جا رہا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر شدید بارش شروع ہو گئی، ملیر، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں گہرے بادلوں نے آسمان کو اپنے گھیرے میں لے لیا جس کے ساتھ ہی ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی۔

سندھ اسمبلی کے قریب، شاہراہِ فیصل اور نیپا پل کے قریب پمپنگ مشینوں کی مدد سے بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے۔

ایڈ منسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں مختلف علاقوں میں دورے کیئے اور اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیاری، ٹیپو سلطان روڈ، شہیدِ ملت روڈ اور طارق انڈر پاس کلیئر ہیں۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے شہر میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سمندر میں جنوب مشرق میں موجود ہے جس کی وجہ سے کراچی بھر میں آج شام تک بارش کا امکان رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.