کراچی کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ آج صبح پھر شروع ہو گیا۔
کلفٹن، ڈیفنس، صدر اور اطراف کے علاقوں میں صبح ساڑھے 11 بجے کے بعد ہلکی بارش تو کہیں تیز بارش شروع ہوئی۔
قبل ازیں محکمۂ موسمیات کی جانب سے اَرلی وارننگ سینٹر مون سون رین الرٹ جاری کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شدید مون سون ہواؤں کا باعث بننے والا ہوا کا کم دباؤ وسطی مغربی سندھ پر اب بھی برقرار ہے، نیا مون سون سسٹم سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر موسلادھار بارش کا باعث بنا، یہ کم دباؤ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے زیرِ اثر آج اور کل کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز اور درمیانی بارش کا امکان برقرار رہے گا جبکہ کراچی میں چند ایک مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں تھر پارکر، عمر کوٹ، میر پور خاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰیار، حیدر آباد، مٹیاری، سانگھڑ، نواب شاہ، خیر پور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، جامشورو، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی اور کشمور میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس موسمی نظام کے زیرِ اثر کراچی، حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، سانگھڑ، نواب شاہ، ٹنڈو الہٰیار، ٹنڈو محمد خان، دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور سکھر میں موسلادھار تیز بارش کے نتیجے میں شہری علاقوں میں سیلاب جبکہ نشیبی علاقں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح خضدار، لسبیلہ، حب اور کیرتھر رینج کے ساتھ مسلسل شدید بارشیں حب ڈیم پر دباؤ پیدا کر سکتی ہیں، دباؤ کے سبب دادو، جامشورو اور نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلہ آنے کا خدشہ ہے۔
صوبہ سندھ میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر تمام متعلقہ حکام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ضروری اقدامات کریں۔
Comments are closed.