بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں بارش: فلائٹ آپریشن متاثر، کئی پروازیں منسوخ

کراچی میں بارش سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، متعدد اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ذرائع سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق کراچی سے جانے والی اندرون ملک اور غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق بارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ سے جانے والی 3 پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں پی آئی اے، سیرین ایئر اور امارات ایئرلائن کی فلائٹ شامل ہے۔

پی آئی اے کی کراچی سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 340، سیرین ایئر کی کراچی سے لاہور کی پرواز ای آر 524 اور امارات ایئرلائن کی کراچی سے دبئی کی پرواز ای کے 609 منسوخ کی گئی۔

دوسری طرف پی آئی اے کی پرواز پی کے 308 کراچی سے اسلام آباد کے لیے 4 گھنٹے تاخیر سے شام 7 بج کر 36 منٹ پر روانہ ہوئی۔

سی اے اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے نجف کی پرواز پی کے 219 ساڑھے 5 گھنٹے تاخیر سے 9 بجے شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق فلائی دبئی کی کراچی سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 336 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شام 6 بجے روانہ ہوئی۔

ائیرسیال ائیرلائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی ایف 125 بھی 53 منٹ تاخیر سے شام 7 بج کر 53 منٹ پر روانہ ہوئی۔

ائیر بلو کی کراچی سے لاہور کی پرواز پی اے 406 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے رات 10 بج کر 35 منٹ پر شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی رات 10 بجے کی پشاور کے لیے پرواز کو 3 گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ رات 1 بجے شیڈول کیا گیا ہے۔

کراچی میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر پی آئی اے کی کوئٹہ سے آنے والی پرواز پی کے311 جس میں 120 سے زائد مسافر سوار تھے، کا رخ ملتان ائیرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا اور اسے لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

سی اے اے ذرائع کے مطابق پی کے 311 کو سہ پہر 2 بج کر 55 منٹ پر کراچی میں لینڈ کرنا تھا، نواب شاہ ائیرپورٹ پر بھی بارش تھی، اس لیے پرواز کو ملتان لینڈنگ کی ہدایت کی گئی۔

پرواز تاحال ملتان ائیرپورٹ پر موجود ہے، مسافروں کو رات 9 بجے ملتان سے کراچی لینڈنگ کا نیا وقت دے دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.