کراچی کے علاقے صدر میں نیوز چینل کے اینکر اقرار الحسن پر حساس ادارے کے اہلکاروں کے تشدد پر تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔
تشدد کرنے والے ایک افسر سمیت 5 اہلکاروں کو واقعے میں معطل کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز صدر میں پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران نیوز چینل کے اینکر اقرار الحسن کو حساس ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تشدد سے زخمی اقرارالحسن کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اینکر اقرار الحسن اور اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال متعلقہ تھانے میں قانونی کارروائی کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کروائی گئی ہے اور پولیس نے اپنے طور پر بھی معاملے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔
واقعے پر گزشتہ روز ہی اقرار الحسن پر تشدد کرنے والے حساس ادارے کے 5 افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا تھا۔
معطل افسران و اہلکاروں میں ڈائریکٹر سید معین الدین رضوان اور اہلکار محبوب علی، انعام علی، رجب علی اور خاور شامل ہیں۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صحافی کی تحقیقاتی اسٹوری پر ایسا غصہ نکالنا قابل مذمت ہے بزدلانہ اقدامات میڈیا کو اپنے فرائض سے نہیں روک سکتے۔
Comments are closed.