اتوار27؍رجب المرجب 1444ھ19؍فروری 2023ء

کراچی میں اہلکاروں نے جانیں دیکر دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں شہید اہلکاروں نے جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔

گورنر پنجاب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور رینجرز اور پولیس کے کامیاب آپریشن پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ سب کو متحد ہو کر ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے ایک بار پھر بچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بے پناہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ملکی معیشت کو ازسرِ نو مضبوط کرنا ہوگا۔

ملاقات کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ مل کر ایسا راستہ نکالنا ہے جہاں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو۔

گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ سب سے بڑا چیلنج دنیا میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔

پولیس نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے دوران آپریشن میں مارے گئے 2 دہشت گردوں کے خاندانوں کی تلاش شروع کر دی۔

واضح رہے کہ جمعے کی شب کراچی پولیس آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے تھے۔

کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوابی ایکشن کے دوران 1 دہشت گرد عمارت کی چوتھی منزل پر جبکہ 2 چھت پر مارے گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.