موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ مغرب کی جانب ہے، ہوا کا یہ کم دباؤ بلوچستان کے قریب ہو رہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے باعث آج بھی کراچی میں ہلکی سے معتدل اور چند مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں اچھی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 92 فیصد ہے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔
سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
سعدی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر، گلشنِ معمار میں 54 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 52 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 51 ملی میٹر اور اورنگی ٹاون میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمینل پر 31 ملی میٹر، گلشنِ حدید میں 24 اور اولڈ ایئر پورٹ پر 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
ملیر ہالٹ، گلستانِ جوہر اور شارعِ فیصل کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔
Comments are closed.