کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے کاروباری علاقے کھارادر میں دھاگے کے تاجر کے دکان کے باہر موٹرسائیکل سوار ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔
کھارادر پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نماز مغرب کے وقت پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کھارادر ٹریفک چوکی کے چوراہے کے قریب طارق نامی تاجر کی دھاگے کی دکان کے باہر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق دکان کا مالک اس وقت نماز کی ادائیگی کے لیے گیا ہوا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والے نوجوان نے پینٹ شرٹ پہنی ہوئی تھی جبکہ پیچھے بیٹھے شلوار قمیض پہنے ہوئے ملزم نے چلتی موٹرسائیکل کے دوران پستول سے چار گولیاں فائر کیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر خیال تھا کہ فائرنگ کا واقعہ بھتے کا شاخسانہ ہوسکتا ہے مگر پولیس کو دیے گئے بیان میں دکاندار طارق نے کہا کہ اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، کوئی حالیہ رنجش بھی سامنے نہیں آئی۔
دکاندار کے مطابق اسے کوئی بھتے کی کال یا پرچی بھی نہیں دی گئی۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا اور واقعہ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.