بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: موسیٰ کالونی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں نو تعمیر شدہ 5 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی۔

عمارت گرنے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا کے علاقے کریم آباد سے ضیاء الدین اسپتال کی طرف جاتے ہوئے راستے میں موسیٰ کالونی میں موجود 5 منزلہ رہائشی عمارت کو گزشتہ رات بارش کی وجہ سے مخدوش ہونے پر پولیس نے خالی کرا لیا تھا، یہ عمارت آج صبح منہدم ہو گئی۔

مذکورہ عمارت 40 گز اراضی پر تعمیر کی گئی تھی جو غیر قانونی بھی تھی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ان کی گاڑیاں اور عملہ موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔

دوسرے مختلف ریسکیو اداروں کے کارکن بھی بڑی تعداد میں جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کراچی سینٹرل طحہٰ سلیم کا کہنا ہے کہ انہیں بھی عمارت کے ٹیڑھے ہونے کی اطلاع ملی تھی جس پر اس عمارت اور برابر والی عمارت کو بھی خالی کروالیا گیا تھا، صبح عمارت گرنے کی اطلاع ملی۔

کراچی کے علاقے لیاری کی بہار کالونی میں کوئلہ گودام کے قریب 2 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے ملبے کے نیچے دب کر 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عملے کو ملبہ ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کے مطابق 5 منزلہ عمارت گرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال اور امدادی کاموں کی وجہ سے کریم آباد سے ضیاء الدین اسپتال جانے والی مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.