کراچی کی ملیر ندی میں ڈملوٹی کے قریب ندی پار کرنے کی کوشش میں ایک شخص بہہ گیا، تاہم مذکورہ شخص کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے سے بچا لیا۔
واقعے کی ویڈیو میں متاثرہ شخص محمد خان کو ندی پار کرنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اس کوشش میں وہ پانی کے دباؤ کے باعث توازن برقرار نہیں رکھ پاتا اور گہرے پانی میں جا گرتا ہے۔
قریب موجود لوگوں نے محمد خان کو ڈوبتے دیکھ کر اسے اپنی مدد آپ کے تحت کوشش کر کے بچا لیا۔
دوسری جانب ریسکیو ادارے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے لہٰذا اسے پار کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
ادھر کراچی میں لنک روڈ سے ملیر ندی میں گرنے والی فیملی کی تلاش جاری ہے۔
بوٹ کی مدد سے مذکورہ خاندان کی گاڑی اور سامان کو تلاش کر لیا گیا ہے، تاہم کار میں کوئی لاش نہیں ملی جس کے بعد میاں بیوی، 4 بچوں اور ڈارائیور سمیت 7 افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل ہونے والی بارش میں بھی ملیر ندی میں شہری ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔
واقعے کی دردناک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
یہ ویڈیو پل پر کھڑے ایک شخص نے بنائی تھی جس میں متوفی کو زندگی بچانے کے لیے تیرنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔
شہری کی زندگی بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں چلانے کی کوششیں کارگر ثابت نہ ہو سکیں اور وہ خالقِ حقیقی سے جا ملا تھا۔
دوسری جانب بارش کے باعث سبزی منڈی سے متصل سڑک زیرِ آب آ گئی ہے جس کی وجہ سے سپر ہائی وے پر سبزی منڈی کے مقام پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔
سپرہائی وے پر ون وے پر 2 طرفہ ٹریفک چل رہا ہے ، جبکہ سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ تک ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
کورنگی کازوے پر ملیر ندی کے پانی کا بہاؤ جاری ہے جس کے باعث یہ روڈ ٹریفک کے لیے آج بھی مکمل طور پر بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل راستوں سے ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے۔
Comments are closed.