منگل 14؍شعبان المعظم 1444ھ7؍مارچ 2023ء

کراچی: مقابلے میں ہلاک ملزم کی 1 ماہ میں شناخت نہ ہو سکی، شہریوں سے مدد طلب

کراچی ایئر پورٹ کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کی ایک ماہ گزر جانے کے باوجود شناخت نہیں ہو سکی۔

اس پولیس مقابلے کی تفتیش ڈسٹرکٹ کورنگی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے ایس ای او انسپکٹر امجد یامین کر رہے ہیں۔

ضلع کورنگی انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق جناح ٹرمینل جانے والے گرین بیلٹ روڈ پر 6 فروری کو نامعلوم ملزم پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ نمبر 11/2023 زیرِ دفعہ 353، 354، 186، 34 اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا تھا اور تفتیش کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے ایس ای او کو منتقل کی گئی تھی۔

کراچی میں شاہراہ فیصل پر ایئرپورٹ کے قریب مقابلے میں ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج توڑ گیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہے۔

پولیس کے مطابق کوشش کے باوجود ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ہلاک ملزم کی لاش گورا قبرستان کے قریب چھیپا سرد خانے میں رکھی گئی ہے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے کراچی کے تمام تھانوں کو ملزم کی لاش کی تصاویر بھیجی گئی ہیں اور شہریوں سے بھی لاش کی شناخت میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.