وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی مخصوص زبان بولنے والوں کا شہر نہیں بلکہ یہ سب کا شہر ہے، ایم کیو ایم اس وقت بھرپور سازش کر رہی ہے۔
لیاری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سازش ایم کیو ایم اس لیے کرنا چاہتی ہے تاکہ اس کی دکان چل سکے، ایم کیو ایم والے پہلے بھی کراچی سے مخلص نہیں تھے آج بھی نہیں ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں لیاری کا امن خراب کیا گیا، لیاری کی تعلیم و امن کو تباہ کیا گیا اس کے پیچھے سازش تھی، جمہوریت کی جدوجہد کے لیے لیاری کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کراچی کے وارث ہیں، ہمیں کراچی کو دہشت گردی اور بربادی سے بچانا ہے، یہ کسی مخصوص زبان بولنے والوں کا نہیں بلکہ سب کا شہر ہے، سیاسی اختلاف ہوتے ہیں یہ بری بات نہیں ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، آصف زرداری لیاری سے کھڑے ہوئے اور جیتے، لیاری کے لوگوں میں تفرقہ پیدا کیا گیا اسی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری لیاری سے ہارے، بلاول بھٹو زرداری کو سازش کے تحت ہرایا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع ہیں، پیپلز پارٹی کے نمائندے آپ کے پاس آئیں گے، بلاول بھٹو زرداری کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔
Comments are closed.