کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے بلاک 4 میں لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس نے مشتبہ شخص کے ساتھ ایک موٹر سائیکل بھی تحویل میں لی ہے۔
ایس ایس ایسٹ زبیر شیخ کے مطابق مشتبہ شخص سی سی ٹی وی ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم سے مشابہت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ تحویل میں لی گئی موٹر سائیکل بھی ویڈیو میں نظر آنے والی موٹر سائیکل جیسی لگتی ہے۔
ایس ایس ایسٹ زبیر شیخ کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گلستانِ جوہر بلاک 4، مغل ہزارہ گوٹھ کے قریب راہ گزرتی لڑکی سے ملزم نے مبینہ زیادتی کی کوشش کی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی میں ملزم موٹر سائیکل کے پاس کھڑا ہے، اس دوران باحجاب لڑکی گلی سے گزرتی ہے تو ملزم اس کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
لڑکی ملزم کے ساتھ مزاحمت کرتی ہے جس پر ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو جاتا ہے۔
ملزم کی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی، جبکہ ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک بھی پہنا ہوا تھا۔
لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کا خاکہ بھی پولیس نے تیار کرا لیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا گیا۔
Comments are closed.