کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 8 روز قبل لاپتہ ہونے والے 4 سالہ معصوم بچے کی لاش نالے میں ڈوبی ہوئی مل گئی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ ویسٹ پولیس سہائے عزیز کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے رہائشی خاندان کا 4 سالہ بچہ حسبان احمد 12 جنوری کی رات ساڑھے 10 بجے گھر کے باہر سے لاپتہ ہو گیا تھا۔
اہلِ خانہ نے سرجانی ٹاؤن پولیس کو اطلاع دی اور خاندان نے اپنے طور پر بھی بچے کی تلاش میں ہر ممکن اقدام کیا۔
بچے کو ہر جگہ تلاش کیا گیا، سوشل میڈیا پر بچے کی تصاویر اور اشتہار بھی وائرل ہوئے، پورے علاقے میں بچے کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کیے گئے۔
وسائل انتہائی کم ہونے کے باوجود اہلِ خانہ نے بچے کو ڈھونڈ کر لانے والے کے لیے 1 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا مگر 8 دن گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا۔
آج (جمعرات کی) صبح کم سن حسبان کی لاش سرجانی ٹاؤن میں سیف المری گوٹھ کے قریب نالے سے مل گئی جو پانی میں تیر رہی تھی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
بچے کی موت کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی تاہم عباسی شہید اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کے مطابق انہوں نے اسپتال کا دورہ کیا اور بچے کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے ڈاکٹر سے بات چیت کی۔
ڈاکٹرز کے مطابق لاش پر بظاہر کوئی نشان نہیں، پوسٹ مارٹم اور کیمیکل ایگزام کی رپورٹ کے بعد وجۂ موت سامنے آ سکے گی۔
Comments are closed.