کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رہائشی فلیٹ میں آگ لگنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ویڈیو میں نوجوان کے جسم پر آگ لگی ہوئی ہے اور وہ فلیٹ سے باہر کی جانب جا رہا ہے۔
گلشن اقبال میں رہائشی فلیٹ میں آگ لگنے کے واقعے میں 2 نوجوان بھائی جاں بحق ہوئے تھے جبکہ فلیٹ میں موجود 2 خواتین سمیت 3 افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔
جیو نیوز کو موصول ہوئی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق نوجوان طلحہ آگ لگنے کے بعد گھر سے باہر آتا ہے تو اس کے جسم سے آگ کے شعلے اٹھ رہے ہوتے ہیں۔
طلحہ مرکزی گیٹ تک جاتا ہے پھر واپس اندر آتا ہے، فلیٹ کے ایک شخص نے جب طلحہ کو شعلوں میں لپٹا دیکھا تو اس پر پانی پھینک کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 11 کے رہائشی فلیٹ نعمان ٹیرس میں آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ چارجنگ پر لگے موبائل کے پھٹنے کے سبب پیش آیا۔
فلیٹ میں آگ لگنے کے وقت دونوں جوان زمین پر سو رہے تھے، موبائل پھٹنے سے گدے پر آگ لگی جس سے نوجوان آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے۔
Comments are closed.