بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: فائرنگ سے زخمی غیر ملکی سرکاری منصوبے سے منسلک نہیں

کراچی کے گلبائی پل پر آج صبح گاڑی پر کی گئی فائرنگ کے حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ زون جاوید اکبر کا کہنا ہے کہ جس گاڑی پر فائرنگ ہوئی اس میں 2 غیر ملکی موجود تھے، زخمی ہونے والا غیر ملکی کسی سرکاری ادارے کے منصوبے سے منسلک نہیں تھا۔

کراچی میں واقع گلبائی پل کے قریب فائرنگ سے غیر ملکی باشندہ ڈرائیور سمیت زخمی ہو گیا، دونوں زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ زون جاوید اکبرنے بتایا کہ گاڑی ڈیفنس سے نکلی جو شیر شاہ میں واقع فیکٹری جا رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی پر فائرنگ کا اصل مقام جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، دونوں غیر ملکیوں میں سے 1 کو گولی لگی جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ڈکیتی میں مزاحمت اور نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 3 ملزمان سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر کا مزید کہنا ہے کہ زخمی چینی شہری کسی سرکاری ادارے کے منصوبے سے منسلک نہیں تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غیر ملکی شیر شاہ میں واقع فیکٹری میں مشینوں کی تنصیب کے لیے جا رہے تھے، واقعے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.