افغانستان کے پاسپورٹ پر کراچی سے عمرے پر جانے کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے والے افغانی شہری کے قبضے سے جعلی ویزا اور ڈیپارچر اسٹیمپ لگا پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوا ہے جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق ایک مسافر سلطان غنی خاکسار افغان پاسپورٹ نمبر P00413212 پر امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 603 سے دبئی کے راستے عمرے پر سعودی عرب جانے کے لیے ایئر پورٹ پہنچا تھا۔
حکام کے مطابق پاسپورٹ کنٹرول سے ایگزیکٹ کلیرنس کے عمل کے دوران مسافر کو مشکوک قرار دیا گیا اور وہ امیگریشن آفیسر علی شہریار کو مطمئن نہیں کر سکا جس پر مسافر کو مزید پوچھ گچھ کے لیے شفٹ انچارج انیس احمد کے پاس بھیجا گیا۔
ابتدائی تفتیش اور سامان کی تلاشی کے دوران دستی بیگ سے مسافر کا ایک پاکستانی پاسپورٹ نمبر LD9826901 بھی برآمد ہوا، جس کے حصول کے بارے میں وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔
مبینہ طور پر جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 11 پر پاکستان سے روانگی کی نقلی ڈیپارچر اسٹیمپ بھی لگی ہوئی پائی گئی جس پر روانگی کی تاریخ مبہم ظاہر ہو رہی تھی۔
حکام کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 7 پر سعودی عرب کا درست ورک ویزا بھی پروٹیکٹر مہر کے ساتھ موجود ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ مسافر کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ ہونے کے شبے میں پرواز سے آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.