کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے کاروان وفا کا اجتماع شاہ فیصل کالونی میں منعقد کیا جس میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی، کارکنوں اور عوام نے شرکت کی۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے کاروان وفا میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، ایم پی اے عدیل احمد، راجہ اظہر خان اور سعید آفریدی نے شرکت کی۔
اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی عدیل احمد نے کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آخری حد تک اس قوم کی خودمختاری کیلئے لڑتے رہے، وزیراعظم اکیلے امریکا کے آگے کھڑے ہوئے۔
عدیل احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو ادارے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتل شہد میں تبدیل ہوتے پکڑتے ہیں، مگر فیصلہ نہیں سناتے، پارلیمان کی اندر کی کارروائی کو دنیا کی کونسی عدالت چلاتی ہے۔
رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جو بھنگڑے ڈال رہے ہیں، عمران خان نے ان کی نیندیں حرام کردیں ہیں، پاکستانی قوم جاگ چکی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ملک کو قرضوں میں دھکیلنے والے آج کس منہ سے بات کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کارکنان اور عوام سے خطاب میں کہا کہ عمران خان کا مقابلہ امریکا، ڈیزل اور سارے چوروں سے ہے۔
بلال غفار نے کہا کہ عمران خان کچھ صحیح کررہا ہے اس لیے سب خلاف ہیں، سپریم کورٹ کو بہت جلدی تھی فیصلہ سنانے کی، اعلیٰ عدلیہ ماڈل ٹاؤن اور منحرف ارکان کا فیصلہ بھی سنائیں۔
دوسری جانب آج راشد منہاس روڈ پر عوامی اجتماع ہوگا جس کے کیمپ کا اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، ارسلان تاج، اسلم خان، عمر عماری اور دیگر نے دورہ کیا اور کارکنان کو بھرپور طریقے سے عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی اجتماع میں شریک ہونے کا کہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد کے حق میں 174 ووٹ آئے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا۔
پارلیمنٹ نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے فارغ کر دیا۔
Comments are closed.