کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائے کے پیشِ نظر سی ویو کا روڈ مقامی ریسٹورنٹ سے خیابانِ اتحاد تک بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو خیابانِ مجاہد سے سروس روڈ کی جانب بھیجا جا رہا ہے، خیابانِ اتحاد سے آنے والا ٹریفک واپس اور خیابانِ صبا کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سڑک طوفان کے پیشِ نظر بند کی گئی ہے، ساحل پر جانے پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ ہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کراچی کے جنوب میں 600 کلو میٹر دور پہنچ چکا ہے، جس کے زیرِ اثر شہرِ قائد میں آج موسم مرطوب اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج صبح میں ہی پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ دن میں پارہ 41 درجے کو چھونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جو 45 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے۔
Comments are closed.