جمعرات 24؍ذوالحجہ 1444ھ13؍جولائی 2023ء

کراچی: شہری نے فائرنگ کرکے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

کراچی کے علاقے کورنگی میں شہری نے فائرنگ کر کے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔

 گزشتہ شب کورنگی سیکٹر 35 اے میں ڈاکوؤں نے کار سوار افراد کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کو کار سے اترے شہری پر بندوق تانے دیکھا جاسکتا ہے، کار میں موجود دوسرے شخص نے چلتی گاڑی سے اتر کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، جس کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔

دوسری جانب کراچی کے ملیر سٹی تھانے کے قریب تاجر سے 24 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

سیمنٹ اور سریے کا تاجر دکان سے کیش لے کر بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا کہ ملیر کورٹ کے سامنے مسلح موٹر سائیکل سوار نے رقم لوٹنے کےلیے اس کا تعاقب کیا۔

خطرہ بھانپ کر تاجر نے قریبی پیٹرول پمپ پر پہنچ کر بچنے کی کوشش کی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں تاجر کو پیٹرول پمپ پر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسٹریٹ کرمنلز نے پیٹرول پمپ پر موجود گارڈ اور شہریوں کی موجودگی میں دن دہاڑے رقم لوٹی۔

مرکزی شاہراہ پر ملیر کورٹ اور ملیر سٹی تھانہ واقع ہے جبکہ ٹریفک پولیس بھی ہر وقت وہاں موجود رہتی ہے۔

واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم واقعے کو 2 روز گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کی گرفتاری میں ناکام ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.