اتوار 25؍رمضان المبارک 1444ھ16؍اپریل 2023ء

کراچی: شاہ لطیف تھانے پر چھاپہ، 2 مغوی بازیاب، 4 اہلکار گرفتار

کراچی کے شاہ لطیف تھانے پر اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ہمراہ چھاپہ مار کر تاوان کے لیے اغواء کیے گئے 2 کم عمر مغوی بازیاب کر لیے۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کے ایس ایس پی عبدالرحیم کے مطابق مغوی کے خاندانوں کو تاوان کے لیے 50 لاکھ روپے کی کال موصول ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اغواء کاروں نے تاوان کی رقم وصول کرنے کے لیے مغویوں کے اہلِ خانہ کو پہلے قائد آباد بلایا تھا، دوسری بار شاہ لطیف کے علاقے میں بلایا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں میں برطرف اہلکار محبوب، آصف شامل ہیں، ملزمان میں مختیار،ریاض اور کاشف شامل ہیں۔

ایس ایس پی اے وی سی سی نے بتایا ہے کہ اغواء کاروں کے 4 ساتھیوں نے جیسے ہی تاوان وصول کیا انہیں پکڑ لیا گیا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شاہ لطیف تھانے میں چھاپہ مارا گیا۔

ایس ایس پی عبدالرحیم کے مطابق دونوں مغوی تھانے کے اندر ایک کمرے میں موجود تھے۔

ملیر پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث کسی بھی اہلکار یا افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی، ان کے خلاف قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

ملیر پولیس حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ جن افراد کو اغواء کر کے رکھا گیا تھا ان کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ گرفتار چاروں اہلکار ملیر ضلع میں تعینات ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.