
کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں شانتی نگر کے قریب واقع کچی آبادی کی جھونپڑیوں میں آتشزدگی سے جھلسنے والی ایک کمسن بچی بھی اسپتال میں چل بسی۔
اس افسوس ناک واقعے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 5 ہوگئی جن میں 4 بہن بھائی بھی شامل ہیں۔
مذکورہ جھلس جانے والی بچی آج صبح علاج کے دوران اسپتال میں چل بسی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 4 سے 12 سال تک ہیں، مرنے والوں میں 2 بھائی اور 2 بہنیں شامل ہیں۔
مرنے والوں میں 12 سالہ صائمہ، 11 سالہ فرحان، 9 سالہ کامران، 8 سالہ طیبہ اور 4 سالہ زیبا شامل ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کا تعلق رحیم یار خان سے ہے، بچوں کی میتیں آج رحیم یار خان روانہ کی جائیں گی۔
آگ لگنے سے 5 جھونپڑیاں بھی مکمل طور پر جل گئیں، آگ لگنے کے وقت بچے جھونپڑیوں میں تھے جبکہ ان کے والدین کام پر گئے ہوئے تھے۔
فائر بریگیڈ کے 2 ٹینڈرز نے آگ پر قابو پایا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔
Comments are closed.