سندھ ہائی کورٹ نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی)، پی ٹی ایف اور پولیس کی رپورٹس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو معاملے کو ذاتی طور پر دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر کوئی بھی بری الزمہ نہیں ہو سکتا، لاپتہ افراد کی تلاش کرنا سب کی ذمے داری ہے۔
سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تمام لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
وفاقی سیکریٹری داخلہ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ شہری کسی بھی حراستی مرکز میں قید نہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق شہری فرقان خان، عمران، عابد علی اور دیگر افراد کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔
Comments are closed.