بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: سیلاب کی آڑ میں جرائم پیشہ غیرملکی عناصر امن برباد کرنے آگئے، صدر کے سی سی آئی

صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ادریس نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کی آڑ میں جرائم پیشہ غیرملکی عناصر کراچی کا امن برباد کرنے آگئے ہیں۔

کے سی سی آئی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محمد ادریس نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کراچی کے امن پر خصوصی توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے میں ناکام ہیں، رانا ثناء مسائل حل کرنے سے زیادہ وقت ٹی وی ٹاک شوز پر گزارتے ہیں۔

صدر کے سی سی آئی نے کہا کہ دن دیہاڑے شہریوں کو بلا خوف وخطر لوٹا اور مزاحمت پر قتل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو سے تاجر برادری کو بہت توقعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں کی توانائیاں اور پھرتیاں وی آئی پی سیکیورٹی فراہمی پر ہیں۔

محمد ادریس کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے غربت، بےروزگاری بڑھ رہی ہے، ملازمتیں نہ ملنے سے جرائم بڑھ رہے ہیں، پیداواری لاگت میں کمی اور صنعت کو وسعت دے کر بےروزگاری کا مسئلہ حل کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی، اگست میں 327 گاڑیاں، 9696 موٹرسائکلیں، 4831 موبائل چھینے گئے جبکہ 96 افراد کو قتل کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.