جمعرات 8؍محرم الحرام 1445ھ27؍جولائی 2023ء

کراچی سب سے بڑا کماؤ شہر، پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کردیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی نہ صرف روشنیوں کا شہر ہے بلکہ سب سے بڑا کماؤ شہر ہے، اس کا پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کردیں گے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایکسپورٹرز کی کوششیں قابل تعریف ہیں، روشنیوں کا شہر کراچی گیٹ وے ٹو پاکستان ہے، تاجر پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کراچی کے صنعتکار، سرمایہ کار فلاحی کاموں میں دل کھول کر حصہ لیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سائٹ کے علاقے کی سڑک کو بنایا جا رہا ہے، کے فور منصوبے کےلیے وفاقی بجٹ میں 16 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کراچی کے پانی کا مسئلہ ہمارے لیے چیلنج ہے، آنے والی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر پانی کا مسئلہ حل کرے گی، ہماری حکومت آئے گی تو ہم سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کردیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 75 سال کی تاریخ میں کامیابیاں اور ناکامیاں بھی ہیں۔ خرابی صرف حکومتی اداروں میں نہیں اور جگہوں پر بھی ہے، یہ مسائل راتوں رات حل نہیں ہوں گے مگر جلد حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سال میں کپاس کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، امید ہے اس سال کپاس کی بمپر فصل ہوگی، بنگلادیش کپاس 100 فیصد امپورٹ کرتا ہے، بنگلادیش کپاس امپورٹ کرنے کے بعد گارمنٹس ہم سے زیادہ ایکسپورٹ کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں گیس کی پیدوار انتہائی محدود ہے،  حکومت کی 10 روپےکی سبسڈی کے بعد آپ کو 39 روپے یونٹ میں بجلی ملتی ہے، اگر تھر میں کوئلے کا پاور پلانٹ لگائیں تو اس سے کراچی کو بجلی فی یونٹ 28 سے 29 روپے فی یونٹ ملے گی، تھر میں کوئلے کا پاور پلانٹ لگانے سے کراچی میں 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی ہوگی، وزیر اعلیٰ سندھ پیر کو میرے ساتھ بیٹھ جائیں اور اس کوئلے کے پاور پلانٹ پر ہم ہوم ورک کرلیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی مدت پورے کرکے جانا ہے، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، اگر الزام تراشی میں جائیں گے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.