کراچی کے سب سے بڑے موٹر سائیکل چور گروہ کھوکھر گروپ سے اے وی ایل سی کا مقابلہ ہوا ہے جس کے دوران کھوکھر گروپ کے سرغنہ عبدالغفور کھوکھر کے بیٹے وقار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی ملزمان فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) بشیر بروہی کے مطابق زخمی ملزم وقار کھوکھر کے قبضے سے چوری کی موٹر سائیکل اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم وقار کھوکھر کے قبضے سے شاہراہِ فیصل پر رواں سال کی پہلی چوری ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
بشیر بروہی کے مطابق ملزم وقار کھوکھر موٹر سائیکل چوری کی لا تعداد وارداتوں میں ملوث ہے اور اب تک 4 مر تبہ اے وی ایل سی کے ہا تھوں گرفتار ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم وقار چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجن و چیسز نمبر پنچ کرنے کا انتہائی ماہر ہے، جو سرقہ شدہ نئی موٹر سائیکلوں کو جعلی نمبر پنچ کر کے کراچی میں ہی فروخت کر دیتا تھا۔
ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم بلوچستان سے جعلی کاغذات منگواتا ہے جن کی بنیاد پر چوری کی موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پنچ کر کے بلوچستان میں خریداروں کو بھجوا دیتا ہے۔
Comments are closed.