جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کراچی: سائٹ میں فائرنگ سے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل میں تعینات پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی کے علاقے سائٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل میں تعینات پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ میٹروول میں پیش آیا، جس پر آئی جی سندھ نے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے شریف آباد سینٹر میں تعینات 31 سالہ پولیس کانسٹیبل شیراز خان ولد قمروش خان جمعرات کی شب موٹر سائیکل پر سائٹ اے تھانے کی حدود میٹروویل اورنگی ٹاؤن میں خٹک چوک پر موجود تھا نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے شیراز موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کے بعد میت کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پستول کے چار خول قبضے میں لیے گئے ہیں۔

متوفی کچھ عرصہ قبل تک کراچی پولیس کے اسپیشل سیکورٹی یونٹ میں تعینات تھا۔ ایس ایس یو ترجمان کے مطابق شیراز خان سال 2017 میں اسپیشل سیکورٹی یونٹ سے تبادلہ کرکے اپنے یونٹ چلا گیا تھا۔

سائٹ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

آئی جی سندھ نے میٹروول سائٹ کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے سی ایل سی شریف آباد میں تعینات پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعہ پر ایس ایس پی کیماڑی سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تفتیش اور تحقیق کے جملہ پہلوؤں کو غیر معمولی بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.