کراچی کی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اور رینجرز نے انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کے دوران رینجرز پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
معروف عثمان نے بتایا کہ ڈکیتی میں مزاحمت پر 1 رینجرز اہلکار کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے اسٹریٹ کرمنل گروپ کے 2 اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان میں احمد اللّٰہ عرف گنجوڑئی ولد امیر اللّٰہ، نور خان عرف چھوٹا بھائی ولد شیر خان شامل ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ عیدالفطر کے روز ملزمان بورڈ آفس کے قریب لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران ڈیوٹی ختم کر کے گھر جانے والے رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی۔
معروف عثمان کے مطابق ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، واقعے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔
پولیس نے ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا آلۂ قتل پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق افغان ڈکیت گروپ سے ہے جو 17 ملزمان پر مشتمل ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دیگر اسٹریٹ کرمنلز کو واردات کے لیے اسلحہ کرائے پر دیتے تھے۔
ملزمان چھینے ہوئے موبائل فون جمع کرتے ہیں اور 50 موبائل جمع ہونے پر افغانستان میں فروخت کرتے تھے۔
ملزمان ڈکیتی اور رہزنی کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
Comments are closed.