اتوار26؍ربیع الاول 1444ھ23؍اکتوبر 2022ء

کراچی: ’را‘ سے تربیت یافتہ ملزم وسیم ٹنڈا گرفتار

رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ’را‘ سے تربیت یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم بھتہ خوری، قتل، اقدامِ قتل اور دہشت گردی میں ملوث ہے، جس کی شناخت وسیم جاوید عرف وسیم ٹنڈا کے نام سے ہوئی ہے۔

رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، وسیم ٹنڈا ایم کیو ایم لندن کے سیکٹر لیاقت آباد کا کارکن رہا ہے۔

ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی ’را‘ سے بارودی مواد تیار کرنے کے تربیت یافتہ ہیں، ملزم بارودی مواد کو استعمال کرنے اور ہتھیاروں کو چلانے کا بھی تربیت یافتہ ہے۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزم ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلاتا رہا ہے اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے سہراب گوٹھ اور حسین ہزارہ گوٹھ سے ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ ملزم 2013ء تک بھتہ خوری، قتل، اقدامِ قتل اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

رینجرز کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم وسیم ٹنڈا 2013ء کے آپریشن میں گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا، جو حال ہی میں کراچی واپس پہنچا تھا۔

ترجمان رینجرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم کو اس کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ و گولیوں سمیت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.