محکمۂ موسمیات کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رات کے اوقات میں پھوار پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اُدھر محکمۂ موسمیات نے خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبۂ خیبر پختون خوا کے بلائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بلوچستان کے دارالخلافہ وادیٔ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں مطلع گرد آلود اور موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی اور مختلف علاقوں میں مطلع گرد آلود اور موسم گرم رہے گا۔
وادیٔ کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں کم سے کم درجۂ حرارت 10، قلات میں 13، لسبیلہ، خضدار، گوادر میں 24، جیوانی میں 25، سبی میں 27، ژوب میں 28 اور اوستہ محمد میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، آج بعد دوپہر یا شام کوہلو، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
آج دالبندین، لسبیلہ اور پنجگور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سبی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
Comments are closed.