منگل8؍ربیع الثانی 1445ھ24؍اکتوبر 2023ء

کراچی: بڑے بھائی نے بھابی اور چھوٹے بھائی کو قتل کردیا

کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاون میں بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی اور بھابی کو قتل کردیا۔

ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق قتل کی واردات غیرت کے نام پر کی گئی ہے۔

مرنے والے میاں بیوی کے 6 چھوٹے بچے ہیں جو دنیا میں تنہا رہ گئے ہیں۔

گزشتہ روز اتحاد ٹاؤن ہزارہ کالونی میں بڑے بھائی نے فائرنگ کرکے چھوٹے بھائی اور بھابھی کا قتل کردیا۔

اہل محلہ نے ملزم حسین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، دوران تفتیش ملزم نے غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق اس کی بھابی کے کسی کے ساتھ تعلقات تھے، اس نے اپنی بھابی کو قتل کیا لیکن اس کا بھائی بھی بیچ میں آگیا، جس کی وجہ سے وہ بھی مارا گیا۔

دوسری جانب مقتولین کے 6 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے، واردات کے بعد بچے سہمے ہوئے تھے اور ان کی حالت قابل رحم تھی۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن عنایت اللّٰہ مروت نے بچوں کو کھانا کھلایا اور ضروری اشیاء فراہم کرکے انہیں خاتون پولیس اہلکار کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

مقدمہ مقتولین کے ورثا کے کراچی پہنچنے کے بعد درج کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.