کراچی میں مزارِ قائد سے متصل جناح گراؤنڈ سے تشدد زدہ بوری بند لاش ملنے کا معمہ شرقی پولیس نے حل کر کے واردات میں ملوث مقتول کے حقیقی والد کو مقدمۂ قتل میں گرفتار کر لیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق مزارِ قائد سے متصل جناح گراؤنڈ سے 9 جنوری کو نوجوان کی بوری میں بند تشدد زدہ لاش ملی تھی جس کی شناخت فیصل مسیح کے نام سے ہوئی تھی۔
زبیر نذیر شیخ کے مطابق اس سلسلے میں کی گئی تفتیش کے دوران واردات میں مقتول کا والد یعقوب مسیح ہی ملوث نکلا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش بیان دیا ہے کہ اس کا بیٹا چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
والد کے مطابق مقتول ناصرف خود نشہ کرتا تھا بلکہ اس نے اپنی بہن کو بھی نشے کا عادی بنا دیا تھا۔
زبیر نذیر شیخ کے مطابق ملزم نے اقرارِ جرم کر لیا ہے کہ اس نے غصے میں آ کر اپنے بیٹے کو مارا، اس پر بے پناہ تشدد کیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
ملزم کے مطابق اس نے بیٹے کی لاش کو جان بوجھ کر بوری میں بند کیا اور گراؤنڈ میں پھینک دیا، لاش بوری میں پھینکنے کا مقصد لسانی جماعت پر الزام لگانا تھا۔
ایس ایس پی زبیر نذیر کے مطابق ملزم منصوبہ بندی سے خود کو بچانا چاہتا تھا جسے آپریشن پولیس نے حکمتِ عملی سے گرفتار کر لیا اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.