کراچی میں گزشتہ روز کی شدید بارشوں کے بعد شہر کی بیشتر سڑکیں آج بھی آمد و رفت کے لیے بند ہیں یا وہاں سے شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 کے مطابق کراچی میں ایوانِ صدر، فوارہ چوک سے پیراڈائیز ہوٹل، کھجور چوک، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، حقانی چوک، میری ویدر ٹاور، میٹھادر اور کھارادر کے بیشتر علاقوں، جی الانہ روڈ، لیاری کے بیشتر علاقے، لی مارکیٹ، شیر شاہ کی مختلف آبادیاں، شاہین کمپلیکس سے ایم آر کیانی روڈ کے دونوں اطراف، سندھ اسمبلی بلڈنگ کے سامنے، اردو بازار، دین محمد وفائی روڈ اور دیگر مقامات پر بارش کا پانی اب بھی جمع ہے جبکہ پانی کے باعث سڑکوں پر بڑے گڑھے بھی پڑ گئے ہیں۔
ملیر کے بیشتر علاقوں اور ماڈل کالونی میں بھی بارش کا پانی جمع ہے جہاں پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے حادثات پیش آ رہے ہیں۔
بلدیہ ٹاؤن میں ڈبہ موڑ سے حب ریور روڈ کے دونوں اطراف، شیر شاہ پراچہ چوک سے آر ڈی، نادرا آفس کے سامنے، گرو مندر سے تین ہٹی، حبیب بینک سے سیمنز چورنگی، لیاقت آباد سے غریب آباد، شفیق موڑ سے سہراب گوٹھ شان آرکیڈ کے سامنے، چمڑا چورنگی سے ویٹا چورنگی تک، ہینو چورنگی سے اختر کالونی، بلوچ کالونی برِج سے ایکسپریس وے، فرنیچر مارکیٹ کے سامنے، حسن اسکوائر سے غریب آباد، گلشنِ اقبال میں وفاقی یونیورسٹی روڈ سے بیت المکرم، غریب آباد قبرستان کے سامنے، لالہ زار سے قائد آباد جاتے ہوئے بارش کا پانی جمع ہے اور سڑکوں پر گڑھے بن چکے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یہ احوال مرکزی شاہراہوں کا ہے، مختلف آبادیوں کے اندر کی صورتِ حال اور پانی کی موجودگی کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
Comments are closed.