پیر 29ذیقعد 1444ھ 19؍جون2023ء

کراچی: اے ایس ایف اور کسٹم حکام میں تنازع، 3 پروازیں بغیر کسٹم کارروائی کے روانہ

کراچی ایئر پورٹ پر اے ایس ایف اور کسٹم حکام کے درمیان تنازع کے باعث  3 پروازیں بغیر کسٹم کارروائی کے روانہ ہو گئیں۔

کراچی ایئر پورٹ پر اے ایس ایف اور کسٹم حکام کی دبئی جانے والے مسافر سے گزشتہ روز ہوئی مبینہ مار پیٹ 2 اداروں میں کشیدگی کی وجہ بن گئی۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف نے ایک مسافر کا سامان مشکوک قرار دے کر روک دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مسافر کو ہتھکڑی لگا کر کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا، کسٹم حکام نے مسافر کو سفرکی اجازت دی لیکن اس کی پرواز اڑ چکی تھی، مسافر کے سامان میں سی فوڈ، مچھلی اور جھینگا تھا۔

اے ایس ایف کے مطابق مسافر نے سامان کی دستی تلاشی دینے سے انکار کر دیا تھا، بعد میں مسافر کا مشکوک سامان کسٹم کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

بعد میں مسافر نے ایئر پورٹ تھانے میں اے ایس ایف کے خلاف درخواست جمع کرائی تھی۔

کسٹم آفیسر نے واقعے کی رپورٹ متعلقہ حکام کو کر دی تھی، آج صبح مذکورہ کسٹم آفیسر ڈیوٹی پر آئے تو اے ایس ایف نے لاؤنج میں انہیں داخلے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق کسٹم افسر کو بتایا گیا کہ ان کا انٹری پاس منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے بعد کسٹم افسران نے احتجاجاً کام بند کر دیا اور انٹرنیشنل لاؤنج سے باہر آ گئے۔

کسٹم اور اے ایس ایف کے درمیان کھڑنے ہونے والے تنازع کے دوران 3 فلائٹس مبینہ طور پر بغیر کسٹم کی کارروائی کے روانہ ہو گئیں۔

1 حج پرواز سعودی عرب اور 2 پروازیں قطر اور شارجہ کے لیے مبینہ طور پر بغیر کسٹم روانہ ہوئیں۔

تنازع کی وجہ سے کراچی ایئر پورٹ پر کسٹمز کاؤنٹر تقریباً 2 گھنٹے بند رہا۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ فریقین میں معاملہ سلجھنے کے بعد کسٹمز اہلکاروں نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.