حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔
سندھ کے نئے بلدیاتی نظام پر متحدہ قومی موومنٹ اور ن لیگی قیادت میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل اور ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کی۔
عامر خان نے کہا کہ سندھ کے نئے ترمیمی بلدیاتی نظام پر ہر سطح پر مظاہرے کریں گے، ضرورت پڑی تو اسمبلی میں بھی احتجاج کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت این ایف سی کے ذریعے وفاقی حکومت سے فنڈز لیتی ہے لیکن تقسیم نہیں کرتی۔
ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے نئے ترمیمی بلدیاتی نظام کے حوالے تمام جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، ہم ہر سطح پر مظاہرے کریں گے اور ضرورت پڑی تو اسمبلی میں بھی احتجاج کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی اور دیہی سندھ کے عوام کے ساتھ نا انصافی پر ہم ایک ساتھ بیٹھے ہیں، نئے بلدیاتی نظام میں مئیر کو اختیارات نہیں دیے گئے۔
عامر خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے نئے بلدیاتی نظام میں تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہیں، کئی چیزوں پر مل کر کام کرتے ہیں، اتحاد بنتے بھی ہیں ٹوٹتے بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری پارٹی ہیں، جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں مسلم لیگ (ن) بھی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔
ن لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ نہ کراچی میں لگ رہا ہے اور نہ ہی اندرون سندھ لگ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اٹھارویں آئینی ترمیم پر فخر ہے، اٹھارویں ترمیم وقت کی ضرورت تھی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے ہمارے دشمن نہیں سیاسی مخالف ہیں۔
Comments are closed.